پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

 

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے "ایشیائی ترقیاتی آؤٹ لک” رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درمیانی مدت میں ترقی کی راہ پر ہے اور مالی سال 2026 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2026 میں مہنگائی 6 فیصد تک بڑھ سکتی ہے، جس کی وجہ گیس ٹیرف میں اضافہ اور سپلائی چین پر دباؤ ہے، تاہم مرکزی بینک مہنگائی قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی اپنائے گا۔

اے ڈی بی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات اور پالیسی اقدامات سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے، تاہم بنیادی ڈھانچے کی کمزوریاں بدستور موجود ہیں۔ تعمیراتی شعبے کے لیے دی گئی مراعات نقصانات کو جزوی طور پر کم کریں گی۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بار بار آنے والی قدرتی آفات اور حالیہ سیلاب ترقی کے لیے بڑا خطرہ ہیں کیونکہ ان سے انفرا اسٹرکچر کو نقصان اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ اگر اصلاحات پر عملدرآمد جاری رہا تو معیشت میں اعتماد بحال رہے گا اور 2026 میں امریکا پاکستان تجارتی معاہدہ سرمایہ کاری بڑھانے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا سبب بن سکتا ہے۔