فتنۂ خوارج کیخلاف پاک فوج کی کارروائی،دیرمیں پاک فوج زندہ باد کے نعرے

خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر اور باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے زگئی میں پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں پر عوام نے مسلح افواج کا پرجوش خیرمقدم کیا۔

دیر میں فتنۂ خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور قیامِ امن کی کاوشوں پر مقامی لوگوں نے پاک فوج کے اہلکاروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ عوام نے امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور خوارج کے خاتمے کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔

باجوڑ کے علاقے زگئی ماموند میں بھی عوام نے فوج کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ فوج کے اقدامات سے خوارج کے فتنے سے نجات ملے گی۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے زگئی ماموند میں امن قائم کرنے کے لیے خوارج کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سے قبل مقامی جرگوں کے مطالبے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔