اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ساتھ جاری مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بات چیت درست سمت میں جاری ہے۔
وزیر خزانہ نے وضاحت کی کہ ابھی تک آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی گفتگو مثبت رہی ہے اور حکومت ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو 11 فیصد تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں میں موجود متعدد ٹیکس مقدمات میں ٹیکس وصولیوں کے امکانات موجود ہیں اور حکومت اضافی ٹیکس اقدامات نہیں لے رہی۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے اقتصادی جائزہ مذاکرات ساتویں روز بھی جاری رہے۔ گزشتہ روز آئی ایم ایف مشن نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سے علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں صوبائی مالی امور اور اخراجات پر بات چیت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے قومی مالیاتی کمیشن میں تبدیلی کرکے صوبوں کو منتقل کیے جانے والے مالی وسائل میں کمی کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ صوبوں کو منتقل کیے جانے والے محکموں کے اخراجات صرف صوبائی حکومتیں اٹھائیں۔ ان محکموں میں تعلیم، صحت، زراعت و خوراک، لیبر اور سماجی بہبود کے شعبے، خاص طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos