اسلام آباد: پاکستان نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے اور اس پر سوار کارکنان کی گرفتاری کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فلوٹیلا میں شامل 40 سے زائد سول جہاز اور تقریباً 500 بین الاقوامی کارکن انسانی امداد لے کر غزہ کے محصور عوام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی کارروائی بےگناہ شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے اور اس کی مسلسل جارحیت اور غیر قانونی ناکہ بندی سے تقریباً20 لاکھ فلسطینیمتاثر ہیں۔ انسانی امداد کو روکنا قابض طاقت کی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے فوراً اور غیر مشروطجنگ بندی کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ غزہ کی غیر قانونی بندش ختم کی جائے۔ دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ فلوٹیلا کے تمام کارکنان اور رضا کار فوری طور پر رہا کیے جائیں اور اسرائیل کو اس کارروائی کی بار بار کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کو دہراتا ہے اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کیا جانا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos