لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سفارش اور دھاندلی کو جڑ سے ختم کر دیا گیا ہے، اب نہ پوزیشنیں بکتی ہیں اور نہ ہی میرٹ کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔
یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں اتنے ٹیلنٹڈ طلبہ موجود ہوں، وہ کبھی زوال کا شکار نہیں ہو سکتا۔ طلبہ نے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نجی اور سرکاری اسکولوں کی تعلیم میں نمایاں فرق ختم کرنا ان کا عزم ہے۔ ٹیکنالوجی کے دور میں صرف کتاب اور پینسل سے گزارہ ممکن نہیں، اسی لیے پنجاب میں ہزاروں بچے اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ بیٹیوں نے بھی بیٹوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاپ کرنے والے ایک طالب علم کا استاد اقلیتی برادری سے تعلق رکھتا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم سب کے لیے ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ افسران کی تقرری کے لیے وہ خود انٹرویوز لیتی ہیں اور میرٹ پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ “میں نے آج تک کسی سفارشی شخص کو عہدہ نہیں دیا، ٹھیکوں میں بدعنوانی کا سلسلہ بھی بند کر دیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد میرٹ کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ “میرے پاس سفارش کے لیے کوئی نہیں آتا، میں اللہ اور عوام کو جوابدہ ہوں۔”
مریم نواز نے کہا کہ ان کی ترجیح نوجوان ہیں، سرکاری اسکولوں کو معیاری ادارے بنا کر پرائیویٹ اداروں سے بھی بہتر تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos