مظفر آباد: آزاد کشمیر میں جاری احتجاج کے حل کے لیے حکومتی مذاکراتی وفد مظفر آباد پہنچ گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، سردار یوسف، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ سمیت اہم رہنما وفد کا حصہ ہیں۔ حکام کے مطابق یہ وفد عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت سے ملاقات کرے گا تاکہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے پرامن طور پر حل کیا جا سکے۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی کے مطالبات سنے جائیں گے، جبکہ کچھ عناصر ملک کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مصروفیات کے باوجود اس معاملے پر فوری توجہ دی جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
مزید برآں، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت پہلے ہی عوامی ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات تسلیم کرچکی ہے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں پُرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جب کہ 72 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos