سازشیں توڑ گئیں،آزاد کشمیر میں مذاکرات کامیاب،وزیراعظم کا خیر مقدم

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکراتی عمل کی کامیابی کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواہیں اور سازشیں بالآخر دم توڑ گئیں اور امن و استحکام کی فضا بحال ہونا خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد اور امن ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم آزاد کشمیر کی خدمت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔

شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ہم ماضی میں بھی کشمیری عوام کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی حکومتی کمیٹی نے عوامی ایکشن کمیٹی سے کئی دور کے مذاکرات کے بعد رات گئے تاریخی تحریری معاہدہ طے کیا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس پیش رفت کو آزاد کشمیر، پاکستان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے، جسے باہمی اتفاق سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے۔