اسلام آباد ایئرپورٹ سہولیات میں پاکستان کا بہترین ایئرپورٹ قرار

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سہولیات اور کارکردگی کی بنیاد پر ملک کا نمبر ون ایئرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی تازہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ نے سہولیات، صفائی اور سیکیورٹی معیار کے لحاظ سے کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹس کی درجہ بندی ایک جامع آڈٹ کے بعد کی گئی، جس میں مسافروں کی سہولت، سروس کی دستیابی، ٹرمینل کی صفائی اور عالمی معیار کے سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

علاقائی سطح پر ملتان ایئرپورٹ کو بہترین قرار دیا گیا، جو پشاور، فیصل آباد اور کوئٹہ ایئرپورٹس سے آگے رہا۔

اتھارٹی کے مطابق اس درجہ بندی کا مقصد ایئرپورٹس میں صحت مند مقابلے کو فروغ دینا اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔