پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے اداکارہ اور اہلیہ ثنا جاوید سے علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی نئی تصاویر شیئر کر دیں۔
شعیب ملک نے انسٹاگرام پر یونیورسل اسٹوڈیوز فلوریڈا کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ اور ثنا جاوید خوشگوار لمحات گزارتے نظر آ رہے ہیں۔ تصاویر میں دونوں مختلف مقامات پر مسکراتے ہوئے دکھائی دیے، جن میں اسکو بی ڈو، ٹرانسفارمرز روبوٹس اور ریونج آف دی ممی رائیڈ کے مناظر شامل ہیں۔
مداحوں نے ان تصاویر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوڑی اب بھی ایک ساتھ خوش ہے، جبکہ کچھ صارفین نے بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اب بھی علیحدگی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں شعیب اور ثنا کو ایک تقریب میں الگ الگ بیٹھے دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے تعلقات پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
یاد رہے شعیب ملک اور ثنا جاوید نے جنوری 2024 میں شادی کی تھی۔ اس سے پہلے شعیب ملک کی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے ہوئی تھی، جو 2024 میں ختم ہو گئی۔
شعیب ملک نے اپنے کرکٹ کیریئر میں پاکستان کی نمائندگی 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 124 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کی، جن میں وہ بطور آل راؤنڈر شاندار کارکردگی دکھاتے رہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos