بھارت: اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں ایک اور مسجدشہید

نئی دہلی: اتر پردیش کے ضلع سنبھل کے گاؤں رائے بزرگ میں تقریباً 10 سال قبل تعمیر کی گئی ایک اور مسجد کو انتظامیہ نے مسمار کر دیا۔

بھارتی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق مسجد کو بھاری پولیس اور نیم فوجی دستوں کی نگرانی میں گرایا گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مسجد کئی برسوں سے آباد تھی، تاہم حکام نے اسے تجاوزات قرار دے کر منہدم کیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار ماہ کے دوران ضلع سنبھل میں مسجد گرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل “رضائے مصطفیٰ مسجد” کو بھی انتظامیہ نے منہدم کر دیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بی جے پی حکومت اور آر ایس ایس کے نظریاتی اثر کے باعث بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ سنبھل کو بھی کاشی اور ایودھیا کی طرز پر ترقی دی جائے گی، جسے ناقدین مسلمانوں کے مذہبی ورثے کے خاتمے کی ایک اور کوشش قرار دے رہے ہیں۔