پاکستان کے ابھرتے ہوئے مثبت تشخص کو سیاست کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے،چوہدری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی جائے اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے مثبت تشخص کو سیاست کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔

چودھری شجاعت حسین نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چودھری شافع حسین، چودھری سالک حسین، ڈاکٹر محمد امجد، طارق حسن، مسز فرخ خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

صدر پاکستان مسلم لیگ نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر نصیر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے بلوچستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے مل کر مثبت شناخت کا مرحلہ طے کیا ہے، اب داخلی مسائل اور سیاسی اختلافات کو ختم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بلوچستان کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں اور ماضی کی طرح وہ بلوچستان میں قیام امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔