پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر کو سال 2025 کا پہلا سپر مون پاکستان کے آسمان پر پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوگا۔
یہ سپر مون معمول سے زیادہ بڑا اور روشن ہوگا اور عوام کو رات کے وقت ایک نایاب فلکیاتی مظاہرہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ سال کا پہلا فل مون بھی ہوگا جو مشرق سے سورج غروب ہونے کے بعد طلوع ہوگا اور صبح سورج نکلنے سے پہلے مغرب میں غروب ہو جائے گا۔ سپر مون اپنی بہترین جھلک 8 بج کر 47 منٹ (پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم) پر دکھائے گا، جب یہ عام چاند سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اکتوبر کا یہ سپر مون سیارہ زحل کے قریب دکھائی دے گا، جو 6 اور 7 اکتوبر کی شاموں کو چاند کے بائیں (مغربی) جانب نظر آئے گا، جس سے یہ منظر اور بھی دلکش بن جائے گا۔
سپارکو کے مطابق رواں سال مزید دو سپر مون بھی نظر آئیں گے، ایک 5 نومبر کو اور دوسرا 5 دسمبر کو۔ نومبر والا سپر مون سب سے روشن ہوگا کیونکہ اس وقت چاند زمین کے سب سے قریب یعنی 221,817 میل (357,344 کلومیٹر) کے فاصلے پر ہوگا۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب مظاہرہ پاکستان بھر میں آسمان دیکھنے والوں کے لیے ایک غیرمعمولی قمری موسم کی شروعات ہوگی، جو شوقین افراد کے لیے یادگار لمحے ثابت ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos