غزہ پر 8 مسلمان ممالک کا اعلامیہ،اسرائیلی انخلا کا مطالبہ

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرنے، یرغمالیوں کی رہائی، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیلی انخلا پر زور دیتے ہوئے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری ایک بیان کے مطابق اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے جس میں غزہ پر جنگ ختم کرنے، یرغمالیوں کی رہائی اور معاہدے پر فوری مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹرمپ کے بیان سے خطے میں امن قائم کرنے کا ایک حقیقی موقع پیدا ہوا ہے۔ وزرائے خارجہ نے حماس کے اس اعلان کو بھی سراہا کہ وہ غزہ کا انتظام ایک عبوری فلسطینی کمیٹی کو سونپنے کے لیے تیار ہے جس میں آزاد ماہرین شامل ہوں گے۔

بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ فوری مذاکرات کے ذریعے معاہدے کے تمام پہلوؤں کو عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ نہ صرف مستقل جنگ بندی ہو بلکہ غزہ کے عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران کا بھی حل نکلے۔

وزرائے خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ایسے کسی بھی معاہدے کی حمایت کریں گے جو انسانی امداد کی بلا تعطل ترسیل، فلسطینی عوام کے عدم انخلا، شہریوں کے تحفظ، یرغمالیوں کی رہائی، فلسطینی اتھارٹی کی غزہ واپسی اور مغربی کنارے و غزہ کے اتحاد کی ضمانت دے۔

اعلامیے کے مطابق معاہدے کا مقصد ایک ایسا سلامتی میکانزم تشکیل دینا ہے جو تمام فریقین کے لیے امن اور تحفظ کو یقینی بنائے، اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کی راہ ہموار کرے اور غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ دو ریاستی حل کی بنیاد پر پائیدار امن قائم کرے۔