کراچی کے علاقے سرجانی جیلانی گوٹھ میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مبینہ مقابلے کے دوران صمد کاٹھیا واڑی گروہ کا انتہائی مطلوب ملزم احتشام الدین ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق ایس آئی یو کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس دوران ملزم نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم مارا گیا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم پر 13 سے زائد مقدمات درج تھے، جن میں بھتہ خوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور اسٹریٹ کرائم کے الزامات شامل ہیں۔ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر گولیاں لگیں۔
دوسری جانب میمن گوٹھ حیدر شاہ مزار کے قریب پولیس مقابلے کے بعد گلزار، وحید اور فہیم نامی تین ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
ادھر نیو کراچی خمیسو گوٹھ کے ایک گھر میں نامعلوم سمت سے فائر لگنے کے باعث 9 سالہ بچی زخمی ہوگئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos