کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے، تاریخی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
ملائیشین وزیراعظم انوار ابراہیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی اور ڈیجیٹل معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انوار ابراہیم کا کردار قابلِ تعریف ہے، ہم ان کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔”
وزیراعظم نے ملائیشیا کو پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کی منظوری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملاقات میں فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم انوار ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ دورہ 2024 میں میرے پاکستان کے دورے کا تسلسل ہے، ہم تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔”
انوار ابراہیم نے خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن پورے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں جن سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos