پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہونی چاہیے،سعد رفیق

لاہور: سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہونی چاہیے تاکہ سیاسی استحکام قائم ہو۔

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صدر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ سیاست میں تشدد یا جلاؤ گھیراؤ کی گنجائش نہیں، اختلافات بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ اتحاد اور بردباری کا مظاہرہ کیا ہے، اگر نمائندوں نے پنجاب کی عزت کا پاس نہ رکھا تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال کو مذاکرات سے حل کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی کمیٹی کو کریڈٹ جاتا ہے۔ سیاسی معاملات کو جبر یا طاقت سے نہیں بلکہ افہام و تفہیم سے حل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوج اور پولیس سمیت ریاستی اداروں کی وردی اور ان کی اتھارٹی کا احترام ہر شہری پر لازم ہے۔