راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اعتماد ہے، علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی، امید ہے کل ملاقات ہو جائے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 2023/24 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 24 لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں جن میں عمران خان کا کیس بھی شامل ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ دیگر مقدمات کی طرح بانی پی ٹی آئی کے مقدمات بھی کھلے عام چلائے جائیں تاکہ وکلاء، میڈیا اور عوام کی رسائی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقدمات کی تیز رفتار سماعت آزاد عدلیہ پر سوالات کھڑے کرتی ہے، جبکہ القادر ٹرسٹ کیس میں آٹھ ماہ سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت التوا کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرز عمل سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ بانی کی بہنوں کا کسی ادارے یا ایجنسی سے کوئی تعلق یا رابطہ نہیں ہے۔ جیل سے باہر آنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اندرونی باتوں کو ہوا نہ دی جائے اور بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر کوئی کوآرڈینیٹڈ آپریشن ہو رہا ہے تو اس میں دونوں طرف نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے اور اب وقت آگیا ہے کہ تناؤ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سینیٹر مشتاق خان کی قربانی اور کاوش پر پوری قوم کو فخر ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos