لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر پانی کی مقدار بڑھنے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اور دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر ضلع بہاولپور میں شدید سیلابی ریلوں کے بعد صورتحال میں بہتری تو آئی ہے، مگر تباہی کے نشانات تاحال موجود ہیں۔ ہزاروں مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد ہو گئیں۔ اب ان علاقوں میں پانی ٹھہرنے کے باعث مچھروں کی افزائش تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے مختلف امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔
تحصیل جلال پور پیر والا (ملتان) میں بھی پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے، تاہم چند نشیبی بستیاں ابھی تک زیرِ آب ہیں۔ نوراجہ بھٹہ بند کے تمام سات شگاف بند کر دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موٹروے ایم-5 کا 23 کلومیٹر طویل حصہ 13 سے زائد مقامات پر متاثر ہوا ہے جس کے باعث یہ شاہراہ 25 ویں روز بھی بند ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور فی الحال ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos