شکارپور،ریلوے ٹریک دھماکہ،جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

شکارپور: سندھ کے ضلع شکارپور میں ریلوے ٹریک پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس سے چار مسافر زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سلطان کوٹ کے نواحی علاقے میں پیش آیا، جہاں ریلوے لائن کے قریب اچانک دھماکہ ہوا۔ اس وقت راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد ٹرین کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ ہوتے ہی ٹرین میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد مسافر اپنی جان بچانے کے لیے ٹرین سے باہر نکل آئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمی ہونے والے چار مسافروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت اور محرکات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کو مرمت کے بعد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جب کہ جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو متبادل انتظامات کے ذریعے ان کی منزلوں تک پہنچانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ممکنہ طور پر ریلوے ٹریک کے نیچے نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، تاہم حتمی رپورٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانچ کے بعد سامنے آئے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی جو قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔