اسلام آباد: چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل والٹ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس والٹ کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محفوظ اور قانونی طریقے سے اپنی رقوم پاکستان منتقل کر سکیں گے۔
سٹین فورڈ یونیورسٹی پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے بتایا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ نظام خاص طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی ذرائع سے زرِمنتقلی کا خاتمہ ہو اور ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر تک قانونی طور پر بھیجے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں مشکلات درپیش ہیں، اس لیے حکومت نے یو بی ایل، وزارتِ خزانہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ ڈیجیٹل والٹ منصوبے پر معاہدہ طے کر لیا ہے۔
رانا مشہود احمد کے مطابق، اس اقدام سے ہر ماہ ایک بلین ڈالر قانونی ذرائع سے پاکستان آئیں گے، جو ملک کی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کے روشن مستقبل کے لیے نئے پروگرامز متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل اور معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos