ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست دائر

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے وکیل نے ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، جس دوران وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ کیس اختتامی مراحل میں ہے اور بریت کی درخواست گزشتہ سال دائر کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کیس میں انعام اللہ شاہ اور صہیب عباسی بھی ملزمان ہیں اور گواہان موجود ہیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکا جائے کیونکہ جج نے ابھی بیان قلمبند کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور سوالنامے بھی جاری ہیں۔ سلمان صفدر نے کہا کہ اگر اسٹے نہ دیا گیا تو دلائل کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

اس موقع پر جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ وہ اس کیس میں نوٹس لیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ بعد میں مقرر کرنے کا اعلان کیا۔