شرح سود میں کمی سیلاب نقصانات اور آئی ایم ایف جائزے پر منحصرہے،گورنر اسٹیٹ بنک

اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی کا فیصلہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے جائزے پر منحصر ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ قلیل مدت میں مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد کے ہدف سے کچھ زیادہ رہ سکتی ہے، تاہم مجموعی طور پر مہنگائی مرکزی بینک کے ہدف کے اندر رہے گی۔

جمیل احمد نے مزید کہا کہ سخت مانیٹری پالیسی نے مہنگائی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ پالیسی آئندہ بھی فائدہ مند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹری اور اقتصادی پالیسیوں میں ہم آہنگی مثبت نتائج فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ شرح سود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کا انحصار ملکی معیشت کے موجودہ حالات، سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور IMF کے جائزے پر ہوگا تاکہ مالیاتی استحکام برقرار رہے اور معاشی ترقی کے اقدامات کو فروغ ملے۔