اسلام آباد: صمود فلوٹیلا میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی فورسز کی قید سے رہا ہو گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں تصدیق کی کہ مشتاق احمد اس وقت عمان میں پاکستان کے سفارتخانے میں محفوظ اور صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ ان کی واپسی میں مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ تمام دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس معاملے میں معاونت کی اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ساتھ تعاون کیا۔
واضح رہے کہ مشتاق احمد صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل تھے، جو غزہ کے محصور عوام تک انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
معروف صحافی حامد میر نے ٹویٹ میں کہا کہ مشتاق احمد خان صاحب کے ساتھ اسرائیلی حراست میں بہت تضحیک آمیز سلوک کیا گیا، جس پر بطور احتجاج انہوں نے بھوک ہڑتال کر دی۔ اسرائیلی فوج ان کا عزم و حوصلہ توڑنے میں ناکام رہی اور آخر کار انہیں رہا کرنے پر مجبور ہو گئی۔ مشتاق احمد اب اُردن پہنچ گئے ہیں اور چند دن میں واپس پاکستان پہنچ جائیں گے۔
اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ مشترکہ انتظامات کے تحت ڈی پورٹ کیے گئے افراد حسین پل کے ذریعے اردن میں داخل ہوئے تاکہ ان کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جا سکے۔ اردن پہنچنے والے افراد میں پاکستان سمیت متعدد ممالک کے شہری شامل تھے، جن میں بحرین، تیونس، الجیریا، عمان، کویت، لیبیا، ترکی، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کولمبیا، جمہوریہ چیک، جاپان، میکسیکو، نیوزی لینڈ، سربیا، جنوبی افریقہ، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور یوراگوئے کے شہری شامل تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos