8اکتوبرکے زلزلے کو20 برس مکمل،ہنستے بستے شہر ملبے کا ڈھیر بن گئے

 

اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ کے سب سے ہولناک زلزلے کو آج 20 برس گزر گئے۔
8 اکتوبر 2005 کو آنے والے 7.6 شدت کے زلزلے نے آزاد کشمیر، ہزارہ ڈویژن اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی تھی۔

اس ہولناک زلزلے میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں زخمی ہوئے۔ سیکڑوں بستیاں اور شہر لمحوں میں زمین بوس ہوگئے اور ہزاروں خاندان بے گھر رہ گئے۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے سے 28 ہزار مربع کلومیٹر رقبہ متاثر ہوا، 400 سے زائد دیہات مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 16 ہزار اسکول اور 80 فیصد صحت کے مراکز زمین بوس ہوگئے۔

ملک بھر میں ریسکیو آپریشن کئی دنوں تک جاری رہا، جس میں پاک فوج، شہری رضا کاروں اور دوست ممالک نے بھرپور حصہ لیا۔ عالمی برادری نے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تعاون فراہم کیا، جس سے لاکھوں متاثرین کو دوبارہ زندگی کی جانب لوٹنے میں مدد ملی۔

20 سال گزرنے کے باوجود 8 اکتوبر 2005 کی وہ صبح آج بھی قوم کی یادوں میں تازہ ہے — ایک ایسا دن جب پورا ملک دکھ، قربانی اور ہمت کی ایک داستان بن گیا۔