گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند جاں بحق ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد ان کی آٹھ سالہ بھتیجی صدمے سے جان کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق طفیل رند اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے جروار روڈ، مسو واہ کے قریب ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کی وجوہات مختلف پہلوؤں سے جانچی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ“صحافیوں پر حملے دراصل آزادیِ صحافت پر حملے ہیں۔”
انہوں نے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos