اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایات پرعمل ہو گا، علی امین گنڈاپور آدھے گھنٹے بعد پشاور روانہ ہوں گے، وہ کل اپنا استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوائیں گے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین سمری کے ذریعے اپنا استعفیٰ گورنر کو بھجوائیں گے، تحریکِ انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، کپتان کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کب اور کیسے کھلاتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے پاس ہدایات آئی ہیں کہ سہیل آفریدی ہی وزیرِ اعلیٰ ہوں گے، تحریکِ انصاف کی کوئی کمیٹی مجاز نہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت رد کرے، تحریکِ انصاف کے تمام ارکانِ اسمبلی بانیٔ پی ٹی آئی سے وفادار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف کی دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی، بانیٔ پی ٹی آئی کے احکامات کے مطابق عمل درآمد کریں گے، علی امین نے کہا ہے کہ وہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اعتماد تک وزیرِاعلیٰ ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صوبہ آگے بڑھے گا، خیبر پختونخوا میں صرف اور صرف تحریک انصاف کی حکومت ہو گی، بانیٔ پی ٹی آئی نے علی امین کو ہدایات کی ناکامی پر نہیں ہٹایا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے پارٹی اور حکومت کے لیے اچھا کردار ادا کیا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی گروپ نہیں، اختلافِ رائے ہر جگہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی اپنے بانی کی قیادت میں متحد ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos