اسلام آباد میں سرینگر ہائی وے بھی کنٹینرز لگا کر بند

اسلام آباد (امت نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے مارچ کے پیش نظر اسلام اباد میں سری نگر ہائی وے کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شپ کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔

 

تحریک لبیک نے جمعہ کو وفاقی دار الحکومت میں یا لبیک مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مذہبی جماعت کا کہنا ہے کہ اس کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام اباد میں موجود ہے۔

 

حکومتی مشینری نے اس مارچ کو روکنے کے لیے بدھ کی شب کاروائی شروع کی جب اسلام اباد میں فیض اباد کے مقام پر کنٹینر رکھ دیے گئے جبکہ اسی رات لاہور میں تحریک لبیک کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین کے دونوں اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور اس دوران جھڑپیں بھی ہوئیں۔

 

جمعرات کو نصف شب کے بعد انتظامیہ نے آب پارہ کے قریب سری نگر ہائی وے کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا جبکہ زیرو پوائنٹ کے قریب بھی کنٹینر پہنچا دیے گئے تھے۔

 

 

جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے رہنما علامہ فاروق الحسن کا کہنا تھا کہ ’ہمارے کارکنان اور قیادت کی بڑی تعداد اسلام آباد میں موجود ہے، اب ہمیں کب نکلنا ہے اور کیا کرنا ہے یہ لائحہ عمل میڈیا کے ساتھ شیئر کر دیا جائے گا۔‘

 

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے راولپنڈی سے اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے تک مارچ کا اعلان 15 روز قبل کیا تھا اور وہ ’آج بھی بات چیت اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔‘