اسلام آباد: جڑواں شہروں کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، ریڈ زون کو جانے والے 4 راستے مکمل بند کر دیے گئے ۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے رات 12 بجے سے موبائل، انٹرنیٹ سروس کوبھی بند کر دیا ہے۔ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل رہے گی۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سرینہ چوک، ایکسپریس چوک، نادرا چوک اور میریٹ چوک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے،ریڈ زون کو جانے والے تمام گیٹس کو بھی بند کر دیا گیا۔
رات گئے فیض آباد ( راولپنڈی) کو مری روڈ، فیض آباد بس اڈا پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا،زیرو پوائنٹ کو بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا،ایکسپریس وے پر کنٹینرز رکھے گئے لیکن راستہ بند نہیں کیا گیاصرف ایک گاڑی گزر سکتی ہے۔
کنٹینر لگنے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، راول روڈ اور ناز سینما کو بھی کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔
راول ڈیم چوک سے صدر راولپنڈی جانے والی سڑک بند ہے، صدر راولپنڈی سے راول ڈیم چوک کی طرف جانے والی سڑک بند ہے، سوہان موڑ سے آئی جے پی کی طرف سڑک کھول دی گئی ہے۔آئی جے پی سے راول ڈیم کی طرف سڑک بند ہے۔
دوسری جانب لاہور تا اسلام آباد موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے راستے بھی جزوی طور پر بند کر دیے گئے۔ لاہور میں اورنج لائن ٹرین بھی معطل ہو گئی۔اورنج لائن ٹرین کے بعد میٹرو سروس بھی بند کر دی گئی، شہر میں راستوں کی بندش کی وجہ سے آج صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس سروس بند رہے گی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حالات کشیدہ ہونے پر سکولوں میں 11 بجے چھٹی دے دی گئی، پنجاب یونیورسٹی میں بھی چھٹی دے دی گئی، پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام ہونے والے لا کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
لاہورسے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، اسلام آباد سےلاہور آنےوالی موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بند ہے، بابوصابو اورٹھوکرنیاز بیگ سے موٹروے پر انٹری بند ہے جبکہ اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بند ہیں۔
جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر کھڑے کر دیے گئے، مختلف شہروں کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گجرات میں دریائے چناب کا پل بھی ٹرک اور کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، جی ٹی روڈ پر لالہ موسیٰ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے۔
مریدکے، چناب نگر، گجرات سے جی ٹی روڈ بند ہے، جہلم پل اور چکوال موڑ بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔
گوجرانوالہ جی ٹی روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے، سادھوکی،کامونکی ٹال پلازہ اور چن داقلعہ، عزیز چوک، چوک فلائی اوور بھی بند کر دیا گیا، ایکسپریس ہائی وے اور سیالکوٹ کی طرف آنے جانے والے راستے بند کر دیے گئے۔
انٹرنیٹ و موبائل سروس معطل
محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں دس روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں 4 یا 4 سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی، نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، صوبہ بھرمیں اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی منظوری دی گئی اور یہ مراسلہ گزشتہ شب پی ٹی اے کو بھیجوایا گیا تھا، پی ٹی اے کو بھیجے جانے والے مراسلے کے مطابق جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات 12 بجے سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل رہے گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار کا اعلامیہ
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں،راستوں کی بندش کے باعث وکلاکی عدالت تک رسائی مشکل ہے۔
ہائیکورٹ بار نے ججز سے گزارش کی ہے کہ اگر وکلا مقدمات میں پیش نہ ہو سکیں تو ان کے کیسز میں کوئی ایڈورس آرڈر نہ کیا جائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos