ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رتہ کلاچی میں پولیس ٹریننگ سنٹر پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا۔ کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 7 پولیس اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے بارود سے بھرا ٹرک ٹریننگ سنٹر کے گیٹ سے ٹکرا دیا، جس سے دیوار گر گئی۔ اس کے بعد دہشتگرد مختلف یونیفارمز میں ملبوس ہوکر اندر داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو گھیر لیا۔ تین گھنٹے طویل آپریشن میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے مقابلہ کیا، جس میں تمام زیر تربیت ریکروٹس کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں شامل پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران اور جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف عزم کی علامت ہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos