حیدرآباد،انسدادِ پولیو مہم میں جعلی اندراج کا انکشاف،5 ویکسی نیٹرز برطرف

حیدرآباد میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران جعلی اندراج اور سنگین لاپرواہی سامنے آنے پر محکمہ صحت نے 5 ویکسی نیٹرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر زین العابدین کے مطابق تحقیقات پولیو سے متاثرہ 8 ماہ کی بچی کے انتقال کے بعد شروع کی گئیں۔ بچی 18 اگست کو بیمار ہوئی، 25 اگست کو لیے گئے نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی اور وہ 28 اگست کو انتقال کر گئی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پولیو مہم کے دوران جعلی اندراج کیے گئے تھے اور کئی ٹیموں نے درست انداز میں کام نہیں کیا۔ ضلع میں 5000 ارکان پر مشتمل عملہ تعینات تھا، جن میں سے 70 ٹیموں کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی اور انہیں تبدیل کر دیا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق 2024 میں ضلع بھر میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ رواں سال اب تک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔ گزشتہ مہم کے دوران تقریباً چار لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔