اسلام آباد میں داخلے کے راستے،جی ٹی روڈ اور موٹروے کئی مقامات پر بند

اسلام آباد (امت نیوز) وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں متعدد مرکزی شاہراہیں کنٹینرز سے بند ہیں، موٹرویز سے اسلام آباد کی طرف آنے والے انٹرچینجز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ لاہور اور پشاور سے اسلام آباد تک کہ جی ٹی روڈ کے زریعے رسائی بھی ممکن نہیں رہی۔

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے لاہور سے اسلام آباد مارچ کرنے کی کوشش پر راستے بند کئے گئے ہیں۔ لاہور میں ٹی ایل پی کارکنوں اور پولیس کے درمیان جمعہ اور ہفتہ کی شب شاہدرہ کے مقام پر جھڑپوں کے بعد بندشوں میں شدت آئی ہے۔

حکام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رپورٹ کی گئی رکاوٹوں سے درج ذیل صورت سامنے آئی ہے۔

راولپنڈی، اسلام آباد کی صورتحال:

جڑواں شہروں میں مری روڈ کی جانب جانے والے تمام داخلی راستے سیل کیے گئے ہیں۔

فیض آباد انٹرچینج مکمل طور پر بند اور کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا۔

اس کے بعد سب سے زیادہ رکاوٹیں اسلام آباد زیرو پوائنٹ پر ہیں جہاں سری نگر ہائی وے اور اسلام اباد ایکسپریس وے کا انٹرسیکشن ہے۔ جمعرات کی شب یہاں پر سری نگر ہائی وے کو بند کیا گیا تھا لیکن اسلام اباد ایکسپریس وے کھلی تھی۔

ہفتہ کی صبح ملنے والی اپ ڈیٹس کے مطابق اب زیرو پوائنٹ سے فیصل مسجد کی طرف ایکسپریس وے پر ٹریفک بند کردی گئی ہے۔

سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ پر بدستور بند ہے۔

مارگلہ روڈ سے ایران ایونیو اور مارگلہ ایونیو آنے والے راستے بند ہیں۔

بھارہ کہو، سرینا چوک، موتی محل چوک، شمس آباد، اڈیالہ روڈ فلائی اوور، پشاور روڈ، ڈھوک کالا خان، آئی جے پی روڈ، کھنہ پل اور چک مدد سمیت متعدد اہم داخلی و خارجی پوائنٹس بند ہیں۔

پشاور سے اسلام آباد کیسے پہنچیں:

پشاور سے اسلام آباد تک M-1 موٹروے کھلی ہے۔ تاہم اسلام آباد انٹر چینج موٹروے سے اترنے کے بعد گاڑیوں کو کنٹینرز کا سامنا ہوتا ہے جہاں صرف ایک لائن کھلی چھوڑی گئی ہے۔ اسلام آباد شہر پہنچنے پر مزید کنٹینرز سامنے آتے ہیں۔

جی ٹی روڈ کے ذریعے اسلام اباد پہنچنا ناممکن ہو چکا ہے۔ پشاور جی ٹی روڈ ٹیکسلا چوک، حسن ابدال اور اٹک کے اطراف بند کی گئی ہے۔

خیبرپختون کے دیگر علاقوں سے اسلام آباد تک رسائی:

خیبر پختون خواہ سے اسلام اباد تک پہنچنے کا ایک اور اہم راستہ ایم 14 موٹروے ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان کو اسلام اباد سے منسلک کر دی ہے۔ تاہم یہ موٹروے فتح جنگ سے اسلام اباد تک بند کر دی گئی ہے۔

لاہور سے اسلام آباد تک رسائی:

لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کوٹ مومن اور اسلام آباد کے درمیان کھلی بتائی گئی لیکن سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ کلرکہار سے اسلام اباد تک انٹرچینجز بند کر دیے گئے ہیں۔ یعنی ان انٹرچینجز سے نیچے اتر کر مقامی راستوں سے اسلام آباد پہنچنا ممکن نہیں۔ اس حوالے سے چکری انٹرچینج اہم ہے۔

پنڈی بھٹیاں سے پیچھے لاہور کی جانب کئی انٹر چینج بند ہیں۔ کالاشاہ کاکو انٹرچینج جمعہ کی شب بند کردیا گیا۔

اسلام آباد-لاہور جی ٹی روڈ بھی متعدد مقامات (چک بیلی موڑ، گجر خان، مندرہ ٹول پلازہ، چکوال موڑ، جہلم اور مریدکے) پر بند ہے۔

کھاریاں میں جی ٹی روڈ پر خندق ہوتے جانے کی اطلاعت ہیں۔

متبادل راستے اور ہدایات:

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایکسپریس وے اور سرِینگر ہائی وے کے متصل سروس روٹس کو استعمال کیا جائے۔ جن مسافروں کے لیے ممکن ہو وہ H-8 انڈر پاس اور مارگلہ روڈ کے مخصوص داخلی راستوں سے فائدہ اٹھائیں۔ مزید برآں، بعض داخلی پوائنٹس (Rawal Dam Chowk → Park Road، Club Road، Zero Point کے سروس رابطے) کو محدود آمدورفت کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔

راولپنڈی/اسلام آباد کے بعض روٹس میں—مثلاً پنڈی کرکٹ سٹیڈیم جانب ایک لائن کھولنا، راول برج پر محدود آمدورفت اور Chakri Interchange کو راولپنڈی کی جانب کھلا رکھنا—جیسے عبوری متبادل راستے رپورٹ ہوئے ہیں۔

جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروسز (3G/4G) کو کچھ حصوں میں معطل کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے آن لائن رابطے اور ٹریفک اپڈیٹس متاثر ہو سکتی ہیں—انٹرنیٹ معطلی کا نوٹیفکیشن وزارت داخلہ/پی ٹی اے کی ہدایات کی بنیاد پر جاری کیا گیا تھا۔