چمن بارڈر پر افغان طالبان اور خارجی عناصر فرار کی کوشش میں ہلاک

چمن — سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج کی مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔ پاکستانی فورسز نے جارحانہ حرکات کا فوری اور نشانہ باز جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان اور اُن کے ساتھ موجود خارجی عناصر کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

ذرائع کے مطابق چمن بارڈر کے علاقے میں پاک فوج کی کارروائی کے دوران افغان طالبان اور خارجی عناصر اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پاکستانی فورسز نے بروقت ردعمل دے کر انہیں فرار ہونے سے پہلے ہی نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ افغان طالبان اور خارجی عناصر اپنی چوکیاں چھوڑ کر پسپائی اختیار کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ پاک فوج کی کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی صرف ان عسکری عناصر کے خلاف کی جا رہی ہے جو سرحد پار سے پاکستان کی سلامتی کے خلاف سرگرم ہیں، جبکہ عام شہری علاقوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔