??? ??? ??19 ????? ?????? ?? ?????????? ???? ???? ??????

 پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی،19 افغان پوسٹوں پر قبضہ،کئی عسکری مراکز تباہ

اسلام آباد — سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر اور بھرپور آپریشن کرتے ہوئے مختلف سیکٹرز میں 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر لیا اور ان پر پاکستان کا قومی پرچم لہرا دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب تقریباً رات 10 بجے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، اپر دیر، چترال اور بلوچستان کے بارام چاہ علاقے سے باقاعدہ فائرنگ شروع ہوئی، جس کے ردِعمل میں پاک فوج نے توپ خانے، ٹینک، بھاری و ہلکے ہتھیار اور فضائی وسائل کا بھرپور استعمال کیا۔ کارروائیوں میں مبینہ طور پر طالبان اور داعش کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران چوٹی پر موجود دشمن ٹینک پوزیشن کو تباہ کر کے دشمن کی نقل و حرکت کو شدید طور متاثر کیا گیا۔ برامچا کے علاقے میں قائم وہ بٹالین ہیڈکوارٹر بھی نشانہ بنایا گیا جسے خوارج اور خارجی عناصر کے لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

مزید اطلاعات کے مطابق درانی کیمپ نمبر 2 پر کی گئی اسٹرائیک میں 50 سے زائد طالبان اور خارجی ہلاک ہوئے جبکہ کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ خرلاچی، برامچا، دوران میلا اور ترکمانزئی سیکٹرز میں بھی متعدد چوکیوں اور کیمپوں کو نیست و نابود کیا گیا۔ فتنۃ الخوارج کا مرکز قرار دیا جانے والا کھرچر فورٹ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ویڈیوز میں قبضہ شدہ پوسٹوں کے اندر چھوڑے گئے ہتھیار، جلے ہوئے ٹھکانے اور افغان یونفارم واضح ہیں۔ بعض مقامات پر افغان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر فرار اور بعض نے سرنڈر کیا۔ افغان فورسز کی جانب سے منظم مزاحمت کی خبریں موصول نہیں ہوئیں۔

حکام نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں سرحد پار سے ہونے والی بلااشتعال کارروائیوں اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے کی جارہی ہیں اور آپریشن کا مرکزی ہدف مسلح و دہشت گرد عناصر کے خفیہ ٹھکانے ہیں، نہ کہ عام شہری یا شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا۔ عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ سرحدی سلامتی کے تحفظ تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔