راولپنڈی،اسلام آباد میں تیسرے روز بھی سڑکیں بند،شہری مشکلات کا شکار

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیسرے روز بھی سڑکیں بند ہیں، مرکزی شاہراہوں پر کنٹینرز کی موجودگی کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میٹرو بس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے جبکہ مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔ ایکسپریس وے، آئی جے پی روڈ اور فیض آباد انٹرچینج مکمل طور پر سیل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ جانے والے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ ڈیٹا سروس تیسرے روز معطل ہے تاہم بعض علاقوں میں جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے بند ہیں اور شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں، خصوصاً مری روڈ پر کنٹینرز لگے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے فیض آباد کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ چوکس رہیں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

موٹروے حکام کے مطابق ایم ون پشاور اور ایم ٹو لاہور کے راستے ٹریفک کے لیے بحال ہیں تاہم جڑواں شہروں میں صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔