پنک اسکوٹیز منصوبے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل پیغامات جعلی قرار

کراچی: خواتین کے لیے سندھ حکومت کے پنک اسکوٹیز منصوبے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پیغامات کی حقیقت سامنے آگئی۔

سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی پیغامات کا نوٹس لے لیا ہے۔ ان پیغامات میں شہریوں سے رجسٹریشن اور ادائیگی کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جو سراسر غلط اور گمراہ کن ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پنک اسکوٹیز منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سندھ حکومت کا فلاحی اقدام ہے، جس کے تحت مستحق خواتین کو اسکوٹیز مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ کسی غیر سرکاری ویب سائٹ، لنک یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھروسہ نہ کریں، کیونکہ ایسے جعلی پیغامات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ رواں ہفتے خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ خواتین اور طالبات کو روزمرہ آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ ان کے مطابق خواتین کو تعلیم، ملازمت اور دیگر سرگرمیوں میں بلا رکاوٹ حصہ لینے کے لیے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔