واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ پہنچ گئے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ افسران نے وزیر خزانہ اور وفد کے دیگر ارکان کا استقبال کیا۔
وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بالمشافہ ملاقات کریں گے اور ان کی خصوصی دعوت پر منتخب ممالک کے وزرائے خزانہ کے عشائیہ میں شریک ہوں گے۔
محمد اورنگزیب MENAP فورم میں کلیدی خطاب کریں گے اور G24 اجلاس میں بھی حصہ لیں گے۔ ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر عالمی بینک کے زیر اہتمام منعقدہ علاقائی راؤنڈ ٹیبل میں وہ دیگر ممالک کے ٹیکس حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر خزانہ مختلف ممالک کے ہم منصبوں بشمول چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکی اور آذربائیجان سے ملاقاتیں کریں گے، اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات شیڈول میں شامل ہے۔ مزید برآں، وہ یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے ٹیکس تجاویز اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos