پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے رکن نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ آئین نے گورنر کو کسی استعفے پر اعتراض لگانے یا اسے مسترد کرنے کا اختیار نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر نے اپنے فیصلے میں آئین کی کسی شق کا حوالہ نہیں دیا، بلکہ آئینی دائرے سے باہر جا کر کارروائی کی ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھہ کے مطابق گورنر نے واردات ڈالنے کی کوشش کی ہے، جسے پی ٹی آئی مسترد کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے تحریری استعفیٰ دیا اور اس کی ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دستخط پر اعتراض تب کیا جا سکتا ہے جب متعلقہ شخص موجود نہ ہو، جبکہ علی امین نے خود استعفے جمع کرائے تھے۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے دعویٰ کیا کہ آج صبح خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل ہوگا اور نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ہوں گے۔
یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کے دستخطوں پر اعتراض لگا کر ان کا استعفیٰ واپس کردیا تھا۔
گورنر کے مطابق علی امین کے دونوں استعفوں پر دستخط مختلف اور غیرمشابہ ہیں، جبکہ علی امین نے وضاحت کی ہے کہ دونوں استعفے ان کے مستند دستخط کے ساتھ جمع کرائے گئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos