جہاں سے دہشتگردی ہوگی،وہاں کی کمین گاہ تباہ کر دی جائے گی:رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ جہاں سے بھی دہشتگردی کا نفاذ ہوگا، وہاں موجود کمین گاہ کو تباہ کر دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ افغانستان میں وہ مقامات جہاں دہشتگرد ٹریننگ اور اسلحہ حاصل کرتے تھے، نشانہ بنائے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہاں سے دہشتگرد تربیت حاصل کرکے پاکستان میں واردات نہیں کر سکیں گے اور اگر کوئی کمین گاہ باقی ہے تو اسے بھی تلاش کرکے ختم کیا جائے گا۔

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ افغانستان کو متعدد بار وارننگ دی گئی اور بنوں حملے کے بعد آخری وارننگ دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکام کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ؛ اگر دراندازی ہوئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، اور جب کارروائی کی گئی تو اس کا مناسب جواب دیا گیا۔

وزیرِاعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج نے اس اصولی موقف پر اتفاق کیا ہے کہ بیرونی اور داخلی خطرات کے خدشے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی تاکہ داخلی امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔