پشاور: خیبر پختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آج کا انتخاب غیر آئینی قرار دیا جا رہا ہے مگر میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں پرچی سے نہیں بلکہ ایوان کے اراکین کے اعتماد سے وزیراعلیٰ منتخب ہوا ہوں۔
سہیل آفریدی نے اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ سب سے پہلے میں پاکستانی ہوں، پھر پختون ہوں اور فخر ہے کہ میں ایک قبائلی ہوں۔ ہمارا مقصد امیر و غریب کا فرق مٹانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ویژن یہی ہے کہ صرف نام کے ساتھ "شریف” یا "بھٹو” لکھ لینے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بن جاتا، لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام کے لیے کھڑا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران خان اور پارٹی قیادت کا دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی قوت، اس کے سوشل میڈیا کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا بیانیہ عوام تک پہنچایا۔
سہیل آفریدی نے حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہونے والے ان صحافیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دباؤ کے باوجود اپنی آواز بلند رکھی اور جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos