لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنا لیے۔ قومی ٹیم کو مجموعی طور پر 145 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے اوپنر امام الحق اس مرتبہ جلدی پویلین لوٹ گئے۔ وہ سیموین ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود بھی پہلی اننگز کی شاندار کارکردگی دہرائے بغیر صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
وکٹ پر اس وقت عبداللہ شفیق 21 اور بابر اعظم 1 رن کے ساتھ موجود ہیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان نے 109 رنز کی برتری حاصل کی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹونی ڈی ذورزی نے بہترین 104 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھائی — نعمان علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 3 جبکہ سلمان علی آغا نے 1 وکٹ لی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93، شان مسعود نے 76 اور محمد رضوان نے 75 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 378 رنز تک پہنچایا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos