حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں

غزہ: عرب میڈیا کے مطابق حماس نے رات گئے مزید چار ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی حماس غزہ امن معاہدے کے تحت چار ہلاک اور 20 زندہ یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کر چکی ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی قید سے 20 یرغمالی محفوظ اور اچھی صحت کے ساتھ واپس پہنچ چکے ہیں، تاہم ابھی بہت کام باقی ہے۔

دوسری جانب غزہ میں ملبے تلے مزید شہدا کی لاشیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 44 فلسطینی شہدا کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔