خوشحال پنجاب کی تعمیر میں دیہی خواتین کا کردار کلیدی ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دیہی خواتین محنت، قربانی اور ذمہ داری کی زندہ مثال ہیں، اور ایک خوشحال و خودکفیل پنجاب کی تعمیر ان کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن دیہی خواتین کی محنت اور جدوجہد کو سراہنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی کوششوں سے پنجاب کی زمین زرخیز، گھر آباد اور معیشت مضبوط ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دیہی خواتین صرف کسان نہیں بلکہ ترقی کا محرک ہیں، حکومت پنجاب ان کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے شروع کر چکی ہے جن میں کسان کارڈ، لائیو اسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دیہی خواتین کو بلاسود قرضے، لیپ ٹاپس اور تعلیمی وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے انہیں ہنرمند اور معاشی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت دیہی خواتین کے لیے خود روزگار کے مواقع، مویشیوں کی فراہمی، اور صحت مراکز کی اپ گریڈیشن پر بھی کام کر رہی ہے، تاکہ وہ ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کر سکیں۔