پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار

کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار ہے، جب کہ 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست خریداری دیکھی گئی۔ کاروبار کے آغاز پر ہی انڈیکس 1280 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 66 ہزار 756 کی سطح پر جا پہنچا۔

کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 100 انڈیکس میں 1535 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 67 ہزار کی حد عبور کر گیا۔

گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں نمایاں تیزی ریکارڈ ہوئی تھی، جب 100 انڈیکس 7 ہزار پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 65 ہزار 476 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ یہ اضافہ 12 مئی کے تاریخی کاروباری دن کے بعد دوسرا سب سے بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معاشی اشاریوں میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔