یوٹیوب سروس میں عارضی تعطل، دنیا بھر کے صارفین متاثر

دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب بدھ کے روز اچانک تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی، جس کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں صارفین کو ویڈیوز چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صارفین کی شکایات کے مطابق یوٹیوب، یوٹیوب میوزک اور یوٹیوب ٹی وی پر ویڈیوز لوڈ نہیں ہو رہی تھیں یا پلے بیک بار بار رک رہا تھا۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ سروسز میں پیش آنے والی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے اور اب تمام پلیٹ فارمز دوبارہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس خرابی کی وجہ کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق، رپورٹوں کی سب سے زیادہ تعداد امریکی وقت کے مطابق شام 7:55 بجے ریکارڈ کی گئی، جب صرف امریکہ میں 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد صارفین نے یوٹیوب کے تعطل کی اطلاع دی۔ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کی شکایات سامنے آئیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یوٹیوب جیسی بڑی اسٹریمنگ سروسز میں بسا اوقات نیٹ ورک یا سرور کی سطح پر ہونے والی تبدیلیاں بھی عارضی مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔ تاہم کمپنی نے اس معاملے پر ابھی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔