پاکستان،سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

واشنگٹن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی وزیرِ خزانہ محمد عبداللہ الجدعان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری میں پیشرفت سے آگاہ کیا جبکہ آئی ایف سی اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں سعودی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت آئی ایم ایف اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

دونوں وزرائے خزانہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات روایتی دوستی سے بڑھ کر اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔