پنجاب کے ضلع گجرات میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز کی عمارت پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر والا پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمہ تعلیم نے تحقیقات کے بعد تصدیق کی ہے کہ ویڈیو حقیقی ہے۔
واقعے کی تصدیق کے بعد کالج کے پرنسپل کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا، جس میں اُن سے وضاحت مانگی گئی کہ سرکاری عمارت پر قومی پرچم کے ساتھ مریم نواز کی تصویر والا جھنڈا کیوں لہرایا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گجرات شعیب بٹ نے بتایا کہ پرنسپل نے تحریری طور پر موقف دیا کہ وہ مریم نواز شریف کے تعلیمی شعبے میں اقدامات سے متاثر ہیں۔ اُن کے مطابق، لیپ ٹاپ سکیم، سکالرشپ پروگرام، سکوٹی اور کالجز کے لیے بسوں کی فراہمی جیسے منصوبے اُن کے لیے حوصلہ افزا ہیں، اسی لیے اُنہوں نے بطور خراجِ تحسین وزیرِ اعلیٰ کی تصویر والا جھنڈا لگایا۔
پرنسپل نے وضاحت میں کہا کہ یہ اقدام ذاتی حیثیت میں کیا گیا تھا اور اس کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا۔ اُنہوں نے لکھا کہ کالج کے طلبہ بھی مریم نواز کے اقدامات سے متاثر تھے اور اُن کی خواہش پر یہ جھنڈا لگایا گیا۔ تاہم، محکمہ تعلیم سے پیشگی اجازت نہ لینے پر اُنہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور معذرت کرتے ہوئے فوری طور پر پرچم ہٹا دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے مطابق، پرنسپل کے وضاحتی بیان کے بعد اُنہیں تحریری وارننگ جاری کی گئی ہے اور مستقبل میں ایسے کسی اقدام سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی تشہیری مہمات پر اپوزیشن جماعتوں اور عوامی حلقوں کی جانب سے ماضی میں بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔ تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ ایسی مہمات کا مقصد صرف حکومتی منصوبوں اور کارکردگی کو عوام تک پہنچانا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos