پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 2016 سے 2025 تک تحریک لبیک کے پرتشدد مظاہروں میں 11 پولیس اہلکار شہید اور 1648 زخمی ہوئے، جبکہ 16 عام شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ مظاہرین کے تشدد اور فائرنگ سے درجنوں عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں تحریک لبیک کے مشتعل کارکنوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے 69 اہلکار مستقل معذور ہو گئے، 202 شدید زخمی اور 1194 معمولی زخمی قرار دیے گئے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے پتھراؤ، ڈنڈوں اور فائرنگ کے علاوہ دو گاڑیاں جلا دیں جبکہ 97 گاڑیوں کو مکمل طور پر توڑ پھوڑ کر ناکارہ بنا دیا۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان پرتشدد واقعات کے دوران پولیس کی 10 عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ تشدد کے مختلف واقعات پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت 305 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ دیگر 480 مقدمات مختلف قانونی دفعات کے تحت دائر ہوئے۔
پولیس کے مطابق حالیہ مقدمات میں 1529 نامزد اور 17 ہزار 812 نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک کے مظاہروں کے دوران شہری املاک، پولیس وسائل اور عوامی تحفظ کو بارہا سنگین خطرات لاحق ہوئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos