کراچی: حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان نے جمعرات کو کراچی بندرگاہ کے ذریعے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل کر دی ہے۔ افغانستان جانے والے کنٹینرز کو کراچی بندرگاہ کے تمام ٹرمینلز پر ٹرکوں سے اتار دیا گیا ہے۔
پاکستان کسٹم کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈی جی ٹرانزٹ ٹریڈ کے زیر صدارت میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کو افغان پاکستان بارڈر بند ہونے کے نتیجے میں کراچی کے کارگو ٹرمنل اور افغان پاکستان بارڈر پر کسٹم کے کارگو اسٹیشن پر رش کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہاں پر گنجائش کے زیادہ کنٹینر رکے ہوئے ہیں۔حکام نے ان کارگو کی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جو سامان ٹرمنل کے اندر گاڑیوں پر لدھا ہوا ہے ان کو آف روڈ کیا جائے گا اور تمام گیٹ پاس منسوخ کیے جائیں گے۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے جانے والے تمام کنٹینرز کی آمدورفت کی صورتحال معمول پر آنے تک معطل رہے گی۔
صوبہ قندھار میں سپن بولدک کا راستہ کراچی کی بندرگاہ تک جانے والا سب سے مختصر راستہ ہے، جس کے ذریعے افغانستان میں ٹرانزٹ سامان درآمد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت اسلام آباد اور کابل میں جھڑپوں کے بعد عارضی جنگ بندی نافذ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos