برطانیہ نے پاکستان کے دینی مدارس کے طلبہ کو جدید فنی تعلیم اور ہنر سکھانے کے لیے اسکالرشپس اور ایکسچینج پروگرامز کی پیشکش کی ہے۔ یہ اعلان برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات میں کیا۔
جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے دینی مدارس کے نظام میں اصلاح اور جدید تعلیم کے فروغ میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایسے طلبہ کے لیے تربیتی مواقع اور اسکالرشپ پروگرام شروع کرے گا جو مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید فنی مہارتیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان میں 18 ہزار سے زائد رجسٹرڈ مدارس موجود ہیں اور ان کے طلبہ کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کو بھی سراہا جو مدارس کے طلبہ کو مہارتوں کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔
ملاقات کے دوران سردار محمد یوسف نے برطانیہ کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مذہبی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور شمولیتی اقدار کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں برطانیہ کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
دونوں فریقوں نے انتہاپسندی کے خاتمے اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos