میں نے آج کمبل دھونے ہیں، اپنی موت کی افواہ پر عشرت فاطمہ کا ردعمل

 پاکستان کی مشہور نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کے انتقال کی غلط خبریں پھیل گئیں جس کے بعد عشرت فاطمہ کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔۔

ہفتے کو سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہوگئی تھی کہ پی ٹی وی کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ انتقال کر گئیں۔

مشہور نیوز اینکر توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں ان کے زندہ ہونے کی اطلاع دی۔ انہوں نے عشرت فاطمہ کو بھی ویڈیو کال کی۔

عشرت فاطمہ نے کہا کہ میں ریڈیو پر ایک پروگرام کر کے گھر آئی ہوں میں نے آج کمبل دھونے ہیں۔

عشرت فاطمہ نے 1980، 1990 اور 2000 کی دہائی میں پی ٹی وی کے رات 9 بجے کے اردو خبرنامے میں خبریں پڑھ کر بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ وہ 2007 تک پی ٹی وی سے منسلک رہیں، جس کے بعد انہیں ریڈیو پاکستان میں تعینات کیا گیا۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے پروگرام "کھیل اور کھلاڑی سے کیا، بعد ازاں پی ٹی وی پر موسم کا حال پیش کرنے سے خبریں سنانے تک کا سفر طے کیا۔

عشرت فاطمہ اپنی منفرد آواز، سنجیدہ اندازِ بیان اور شناختی ناک کے کوکے کے باعث ناظرین میں خاص پہچان رکھتی تھیں۔ وہ بعد میں وائس آف امریکہ سے بھی وابستہ رہیں۔

 

اعتذاز: اس خبر کے ابتدائی ورژن میں عشرت فاطمہ کے انتقال کی غلط خبر دی گئی تھی۔ ادارہ اس پر معذرت خواہ ہے۔